فیڈرل ٹرافی‘ دواب سی سی اور نیوکراچی جیم خانہ کی کامیابی
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) فیڈرل اسپورٹس ٹرافی لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ میچز مکمل ہوگئے۔ داؤد اسپورٹس،دواب اسپورٹس، منصورہ اسپورٹس ،نیوکراچی جیم خانہ، مجاہد جیم خانہ ، گڈ لک سی سی، منٹگمری جیم خانہ ،پاک فلیگ اور فیڈرل اسپورٹس اور ٹی ایم سی سی سی ناک آؤٹ مرحلہ میں داخل ہوگئیں۔ گروپ ’اے‘ کے آخری میچ میں دواب سی سی نے ینگ کواپریٹر کو 27رنز سے شکست دی ۔ دواب سی سی نے تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 200رنز بنائے۔ مہتاب خان نے 75رنز مولا دین نے 48رنز محمد حسن نے 15اور محمد کاشف نے 14رنز بنائے۔ حمزہ خان نے 4 ، محمد طیب ، عبداﷲ اور شاہ زیب کو 2,2وکٹیںملیں۔ ینگ کواپریٹر ہدف کے تعاقب میں 173رنز پر پویلین سدھار گئی۔حمزہ خان44رنز ثاقب علی نے 32رنز جمیل بگٹی نے 33رنزبنائے۔محمد کاشف نے 34رنز کے عوض 6کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔گروپ ’بی‘ میں نیوکراچی جیم خانہ نے دہلی سٹی جیم خانہ کو 9وکٹوں سے شکست دی۔دہلی سٹی جیم خانہ نے 184رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔راؤ وقاص نے 53رنز ،فرخ شاہد 46رنز اورسہیل زمان نے 31رنز
بنائے۔ عبداﷲ اشفاق اورعبدالمنان نے 3,3کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔نیوکراچی جیم خانہ نے ہدف ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔ فرحان رفیق نے 97رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔واحد خان نے 44رنز اسکور کئے۔ دونوں اوپنرز کے مابین پہلی وکٹ پر 100رنز جوڑے گئے۔حیدر عباس نے 23رنز اسکور کئے۔ریحان اطہر کو واحد وکٹ ملی۔