دانیال پیلس میں سوشل میڈیا کنونش‘ جھلکیاں
راولپنڈی (سلطان سکندر) ممتاز مسلم لیگی رہنما چودھری تنویر خان اور بیرسٹر دانیال چودھری نے جمعہ کے روز اپنی اقامت گاہ دانیال پیلس میں ایک بھرپو ر سوشل میڈیا کنونشن کا اہتمام کر کے سیاسی قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا جبکہ چودھری تنویر خان نے کہا کہ وہ نئے گھر میں ایک جلسے میں آپ حضرات کو مدعو کریں گے۔ یہ گھر لیاقت باغ سے دو گنا وسیع و عریض ہے۔ امید ہے کہ اس جلسے میں بھی تل دھرنے کی جگہ نہیں ہو گی۔ کنونشن کے سلسلے میں پنڈال کے علاوہ بیرونی سڑک پر جشن کا سماں تھا۔ پارٹی پرچموں اور بینروں کی بہار تھی۔ بڑے اور چھوٹے بینروں اور پینا فلیکس پر نواز شریف‘ شہباز شریف اور چودھری تنویر کے ساتھ چودھری نثار علی خان اور مریم نواز کی تصاویر بھی شامل تھیں جبکہ گاڑیوں کی طویل قطاریں چکلالہ سکیم نمبر 3 تک پھیلی ہوئی تھیں۔ خواتین کی بڑی تعداد کے علاوہ شہر سے حاجی پرویز خان‘ مرزا منصور بیگ‘ سجاد خان‘ شرجیل میر اور مقبول احمد خان نے شرکت کی۔ حنیف عباسی‘ سردار نسیم‘ شکیل اعوان‘ ضیاء اللہ شاہ‘ راحت قدوسی شریک نہیں ہوئے۔ ڈاکٹر جمال ناصر آخر میں پہنچے جبکہ ملک ابرار احمد کنونشن کے آغاز سے قبل حاضری لگا کر چلے گئے۔ چودھری تنویر نے دونوں کنٹونمنٹس سے نائب صدور راجہ عرفان امتیاز‘ ملک منیر خان اور ان کی ٹیموں کا خاص طورپر شکریہ ادا کیا۔ حاجی پرویز خان نوجوانوں کے جلوس کے ساتھ پنڈال میں آئے تو یوتھ ونگ کے کارکنوں نے انہیں کندھے پر اٹھا لیا۔ مختلف علاقوں سے کارکن جلوسوں کی صورت میں وسیع پنڈال میں پہنچے جبکہ پنڈال کے علاوہ سڑک پر بھی جماعتی ترانے اور ڈھول باجہ سے سیاسی فضا گرم رہی۔ شہر سے یو سی چیئرمین شیخ خان محمد خانو‘ کینٹ سے راجہ جہانداد‘ یوسی گر جا کے چیئرمین راجہ الطاف قادر‘ سابق وزیر داخلہ کے معاون خصوصی شیخ ساجد الرحمن‘ میاں انجم قریشی‘ چودھری اظہر‘ راجہ حمید نے بھی شرکت کی۔ قاری علی اکبر نعیمی نے تلاوت کلام پاک سے کنونشن کا آغاز کیا۔ ایم ایس ایف پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور یوسی وائس چیئرمین مقبول احمد خان نے نظامت کے فرائض ادا کئے۔