پی پی کی ممبر سازی مہم کیلئے کارکن فعال کر دار ادا کرینگے، بابر سلطان جدون
راولپنڈی(نیوزرپورٹر) پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت کے مطابق سٹی تنظیم شہر میں بھرپور انداز میں ممبر سازی مہم کا آغاز کر رہی ہے 12مارچ سے سٹی صدر بابر سلطان جدون کی قیادت میں عہد یداران یو سی ون سے عوام رابطہ مہم کا آغاز اورممبر سازی کریں گے اور تمام یونین کونسلوں و وارڈ کمیٹیوںکے عہدیداران کو ممبر سازی کی کاپیاں تقسیم کی جائیں گی ،سٹی تنظیم قافلے کی صورت میں 18مارچ کو کوٹلی ستیاں میں چیئرمین بلاول بھٹو کے جلسہ میں شرکت کرے گی وارڈ کمیٹیوں اور ذیلی تنظیموں کا بڑا جلوس18مارچ کو صبح 10بجے جائے شہادت لیاقت باغ سے روانہ ہو گا، اس بات کا فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی کے پارٹی آفس لیاقت باغ میں سٹی صدر بابر سلطان جدون کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں وارڈ کمیٹیوں اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداران سابق صدر رشید میر،جنرل سیکرٹری افتخار چوہدری، سیکرٹری اطلاعات ناصر میر ، ملک آصف اکبر ذولفقار احسن ملک، ثاقب ریاض آغا ، ذیشان مہدی، ملک ایوب ،فرخ اسماعیل ، پرنس نوید، رانا شوکت، سجاد احمد ساجد، شیخ فرقان، میاں الطاف، طارق شکوری، ندیم اعوان، راجہ رمضانی، حاجی خالد، آصف خان، سعید پپا، قیصر یعقوب، عنایت شاہ، شیخ رمضان، کامران کریم، شعبہ خواتین کی سٹی صدر سمیرا خان ،جنرل سیکرٹری الطاف کوثر اور ساجدہ پروین نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بابر سلطان جدون، چوہدری افتخار اور ناصر میر نے کہا کہ چیئرمیں بلاول بھٹو کی ہدایت پر ممبر سازی مہم کو تیز کرتے ہوئے شہر میں پارٹی کارکن فعال کر دار ادا کریں گے اور ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی نوجوانوں اور خواتین کی زیادہ سے زیادہ ممبر سازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو نہ صرف معاشرے کے مظلوم اور محکوم طبقات کی بات کرتی ہے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ شہید بھٹو نے مزدور کسان طالب علموں خواتین اور نوجوانوں کو سیاسی پلیٹ فارم مہیا کیا تاکہ وہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی طاقتور آواز بن سکیں بعد میں پاکستان پیپلز پارٹی کی اسی سوچ اور فکر کو دیگر سیاسی جماعتوں نے اپنایا۔ آج ملک جن بحرانوں کا شکار ہے اس کا واضح اور مدلل حل صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہے ۔انہوںنے کہا بلاول بھٹو زرداری 18مارچ کو کوٹلی ستیاں میں پنجاب کے عوام خصوصاً خطہ پوٹھوہار کے باسیوں کو واضح پیغام دیں گے، خطہ پوٹھوہار کے عوام ان کی آمد پرناصرف انہیں خوش آمدید کہتے ہیں بلکہ ان کا والہانہ اور تاریخی استقبال کرکے ثابت کریں گے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی اس ملک کی مقبول جماعت ہے۔