میٹرو پلرز پر اشتہار بازی ،مسلم لیگی قیادت کی پکڑ ہونی چاہئے، سہیل عباسی
راولپنڈ ی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان عوامی تحریک ضلع راولپنڈی کے میڈیا سیکرٹری سہیل عباسی نے کہا ہے کہ سرکاری اخراجات پر ذاتی تشہیر اور خود کو قانون سے بالاتر سمجھنا شہباز شریف کی پرانی بیماری ہے جس پر اعلیٰ عدلیہ کی پکڑ اچھا اقدام ہے، یہی مرض مسلم لیگ ن میں نیچے تک موجود ہے، میٹرو انتظامیہ اور تحصیل میونسپل اتھارٹی نے کئی مقامات پر لکھ کر لگا یا ہوا ہے کہ میٹرو بس سروس کے پلرز پرکسی قسم کے اشتہار یا پینا فلیکس لگانا غیر قانونی ہے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی ہو گی مگر اس وقت مریم صفدر کے میڈیا کنونشن کی تشہیر کیلئے مسلم لیگی قیادت کی تصاویر والے سینکڑوں پینا فلیکس میٹرو کے پلرز پر آویزاں ہیں جن میں سرفہرست خود میئر سردار نسیم کے ہیں، قانون کی اس کھلے عام خلاف ورزی پر سب کا محاسبہ ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی سیکرٹریٹ البلال پلازہ چاندنی چوک میں منعقدہ ورکر کنونشن میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔