بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 12833.64 ملین ڈالر بھجوائے
کراچی (کامرس رپورٹر)بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں نے مالی سال 18ء کے پہلے آٹھ مہینوں(جولائی تا فروری ) میں 12833.64 ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے، جو اس میں 3.41 فیصد کی نمو کو ظاہر کرتا ہے جبکہ گذشتہ برس کی اسی مدت میں12410.54ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔فروری 2018ء کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر کی مالیت1450.17 ملین ڈالر تھی جو جنوری 2018 ء کے مقابلے میں 11.5فیصد کم، اورفروری 2017ء کے مقابلے میں 2.33فیصدزیادہ ہیں۔ بلحاظ ملک فروری 2018ء کی تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، برطانیہ، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں(بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) اور یورپی یونین کے ملکوں سے بالترتیب348.31 ملین ڈالر 332.18ملین ڈالر،207.27 ملین ڈالر،201.01 ملین ڈالر،149.4 ملین ڈالر، اور 48.65 ملین ڈالر پاکستان بھجوائے گئے،جبکہ فروری 2017ء میں ان ملکوں سے آنے والی رقوم بالترتیب404.39ملین ڈالر،320.3 ملین ڈالر،177.76 ملین ڈالر، 170.56 ملین ڈالر،168.2 ملین ڈالر اور31.71 ملین ڈالر تھیں۔فروری 2018ء کے دوران ملائشیا، ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنے والی ترسیلات زر مجموعی طور پر163.35 ملین ڈالر رہیں جبکہ فروری2017ء میں ان ملکوں سے144.14 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔