ملاوٹ و جعلی زرعی ادویات تیار کرنے والوں کو عدالتوں سے سزائیں دلوائی جائیں : عثمان خان
لاہور(خبر نگار) ایڈیشنل کمشنر لاہور ڈویژن عثمان خان خالد نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ زراعت کی نمونہ تجزیہ لیبارٹریوں کو آئی ایس او سرٹیفائیڈ کرانے کے پراسیس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ کسی بھی کونے سے تکنیکی اعتراض کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف پراسیکیوشن بہتر ہوئی ہے مگر اس کو بروقت کرنا ضروری ہے۔ اجلاس میں لاہور سمیت چاروں اضلاع سے پولیس، پراسیکیوشن اور محکمہ زراعت نے 1997 تا 2017 مقدمات کے حوالے سے اعداد و شمار پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی زرعی کیڑے مار ادویات و دیگر کے خلاف مقدمات میں پراسیکیوشن کے ساتھ ساتھ متعلقہ افسران بھی بھرپور کوشش کریں کہ ملاوٹ و جعلی زرعی ادویات تیار کنندگان کو عدالت سے ضرور سزا دلوائیں تاکہ کسانوں کے ساتھ کوئی دھوکہ نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں زیر التوا 163 مقدمات کی تفصیل بھی پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوریا اور ڈی اے پی کھاد کا تسلی بخش ذخیرہ موجود ہے جبکہ مارکیٹ میں کھادوں کی قیمتوں میں توازن ہے، مارکیٹ کھاد کی کمی کا شکار نہیں ہے۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن لاہور ڈویژن عثمان خان خالد نے ان خیالات کا اظہار ڈویژنل زرعی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔