ظلم کا نظام 70 سا ل سے جاری ،بغاوت کرتا ہوں : نوازشریف
بہاولپور (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 70 سال سے جاری ظلم کے نظام اور پالیسیوں کیخلاف بغاوت کرتا ہوں۔ آج بہاولپور میں کیا دیکھ رہا ہوں یہ تو الیکشن سے پہلے الیکشن ہو گیا۔ بہاولپور نے نئی تاریخ رقم لکھ دی، مجھے خرید لیا۔ پانچ سال پہلے ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا آج ہر گھر اور صنعتوں میں بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ آپ کا جذبہ دیکھ کر مخالفین کے ہوش اڑ گئے۔ 4 برسوں میں مخالفین نے ہمیں کچھ نہیں کرنے دیا، رکاوٹوں کے باوجود ہم نے ملک میں سڑکوں کا جال بچھا دیا۔ بہاولپور سے لاہور تک 6 رویہ موٹروے بنائیں گے۔ عوام کی دعاؤں سے ہم نے پاکستان کو بحرانوں سے نکالا یہ سب لوگ ٹانگیں کھینچنے والے ہیں ان کی ٹانگیں اب عوام نے کھینچنی ہیں۔ نواز شریف نے ہمیشہ جو وعدہ کیا پورا کیا بہاولپور میرا اپنا شہر ہے میں دل سے اس کو محبت کرتا ہوں ۔ ہم نے صرف ٹیوب ویل نہیں چلائے، بجلی بھی سستی کر دی آج فیکٹریاں بھی چل رہی ہیں۔ دہشتگردی کی کمر توڑ کر رکھ دی کھیتوں سے منڈیوں تک سڑکیں بنائیں۔ شہبازشریف سے کہوں گا کہ الیکشن کے بعد بہاولپور میں بھی میٹروچلنی چاہئے، شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کیلئے جو خدمات انجام دی ہیں اس کی مثال نہیں، ہم جنوبی پنجاب پر قربان ہیں آپ کو معلوم ہے میرے ساتھ کیا سلوک کیا گیا۔ مجھے اس لئے نکالا گیا کہ میں نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی ابھی تنخواہ نہیں لی تو چھٹی کرا دی اگر لے لیتا تو کیا ہوتا کہتے ہیں کہ نااہل ہو وزرات عظمیٰ سے فارغ ہو۔ اس وجہ سے پارٹی صدارت سے بھی فارغ ہو کیا یہ جائز لگتا ہے کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لو تو وزیراعظم کی چھٹی کرا دو اس ملک میں 70 برس میں، یہاں کی نسلوں کے ساتھ ظلم ہوئے ہم نے بہت ٹھوکریں کھائیں اور پاکستان کو برباد کر دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ میں اس سارے سسٹم کے خلاف بغاوت کرتا ہوں۔ پاکستان اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک ہم اس 70 سالہ تاریخ کو بدلیں گے نہیں پاکستان میں جو 70 سال سے ہو رہا ہے میں اس سے بغاوت کرتا ہوں ہمارے اگلے 70 سال پچھلے ستر برس سے بہتر ہونے چاہئیں یہ اس وقت بہتر ہو سکتے ہیں جب ہم اپنے ووٹ کی عزت کرائیں گے اور کسی کو بھی ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے میں وعدہ کرتا ہوں جن کے پاس گھر نہیں انہیں اپنا گھر دیا جائے گا مجھے آئندہ موقع دیا تو سب کو گھر ملیں گے انصاف آپ کی دہلیز تک دیا جائے گا۔ ناانصافی ہوتی ہے فیصلہ سالہا سال نہیں ہوتا ہم انشاء اللہ چند ماہ میں فیصلے کروائیں گے میں دن رات محنت کرکے یہ سارے کام انجام دوں گا میں آپ کا ساتھ دوں گا کیا آپ بھی میرا ساتھ دیں گے اگر ساتھ دیں گے تو میرے قدم سے قدم ملا کر چلنا ہوگا وعدہ کریں کہ کسی کو ووٹ روندنے کی اجازت نہیں دیں گے ووٹ کو عزت دو نوجوانوں انشاء اللہ آپ کا حق دلاؤں گا حق نہ ملا تو چھین کر لیں گے مخالفین کبھی دھرنے، جلسے جلوس اور کبھی عدالتوں میں گئے سابق وزیراعظم نے ووٹ کو عزت دو کے نعرے بھی لگوائے۔ قبل ازیں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں ووٹوں کی منڈیاں لگی ہوئی ہیں ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نعرے کی ضرورت آج پہلے سے بھی زیادہ ہے ووٹ بیچنے والوں کو رونا پڑے گا ارکان کے بکنے کا سب سے زیادہ شور عمران نے مچایا تھا زرداری نے خواہ مخواہ اربوں روپے خرچ کرکے عمران کے سینٹرز کو خریدا عمران نے تو اپنے تمام سینیٹرز کو مفت میں زرداری کے حوالے کر دیا۔ 70 لاکھ ووٹ لینے والی پارٹی نے 500 ووٹ لینے والے عبدالقدوس کے ہاتھ میں سب سینٹرز پکڑا دیئے انہوں نے عبدالقدوس کی چادر میں چھپ کر پیپلز پارٹی کو اپنے سینیٹرز دیدیئے کان کو کہیں سے بھی پکڑ لو، بات تو ایک ہی ہے بھائیو کیا آپ کو یہ سب کچھ سمجھ آ رہا ہے چور دروازوں سے آنے والے کیا آپ کے لیڈر کہلانے کے لائق ہیں کبھی انگلی اور کبھی سپریم کورٹ کے پیچھے چھپتے ہو، دشمنی تو نواز شریف سے ہے ہتھیار زرداری کے سامنے ڈال دیئے۔ عمران جو زرداری کو چور، ڈاکو اور سب سے بڑی بیماری کہتے تھے ان سے آگے جھک گئے۔ جس طرح متحدہ اپوزیشن کے جلسے نے ان کی سیاست کو ایکسپوز کر دیا تھا۔ خالی کرسیوں نے ان کے جلسے کا بھانڈا پھوڑ دیا لاہور مال روڈ پر متحدہ اپوزیشن کا جلسہ یاد ہے نا؟ تم جھکتے نہیں، بکتے نہیں سیدھا لیٹ جاتے ہو۔ کیا لیڈر ایسے ہوتے ہیں جو وقت آنے پر ووٹ اور قوم کا سودا کر دیں؟ اگر یہ 2013ء میں وزیراعظم بن جاتے تو کیا ہوتا ایٹمی دھماکے کے وقت میرے لیڈر نوازشریف پر بہت پریشر آیا تھا بہت مواقع آتے ہیں جب پاکستان کو بہادر لیڈر کی ضرورت پڑتی ہے ۔ کہتے ہیں کوئی مائی کا لعل پیدا نہیں ہوا جو مجھے خرید لے مشرف یاد ہے ناں جو 5، 5 ہزار ڈالر کے عوض پاکستانیوں کو بیچ دیتا تھا۔ بہاولپور کے باسیو، آپ کو فخر ہونا چاہئے آپ کا لیڈر نہ بیچتا ہے، نہ بکتا ہے۔ نواز شریف ووٹ بیچتا نہیں، خرید وفروخت کرنے والوں کے درمیان کھڑا ہو جاتا ہے نواز شریف نہ منڈیاں لگاتا ہے نہ لگانے کی اجازت دیتا ہے جو پریشر نوازشریف پر آیا ان لیڈران پر آتا تو یہ گھروں میں چھپ کر بیٹھ جاتے آج بھی نواز شریف پیشیاں بھگت رہا ہے۔ 5 روپے کا جرم ثابت ہوئے بغیر سزائیں بھگت رہے ہیں۔ نواز شریف کا پانامہ میں نام نہیں تھا بیٹے سے تنخوا نہ لینے پر نااہل کیا گیا۔ ناانصافی نواز شریف اور مریم کے ساتھ نہیں۔ بہاولپور کے عوام سے ہوئی نوازشریف کو تنخواہ نہ لینے پر نکال دیتے ہو۔ لاڈلا کون ہے عمران کو کہا جاتا ہے کہ آپ جرمانہ بھر دیں۔ بنی گالا کی زمین ریگولرائز کر دیں گے یہ صرف زمین ریگولر کرنے کا مسئلہ نہیں ہے یہ صادق اور امین کا مسئلہ ہے۔اب معاملہ دھاندلی کا نہیں۔ یہ معاملہ جھوٹ بولنے کا ہے، مائی لارڈ ہم یہ نہیں کرنے دیں گے۔ یہ معاملہ عدالت میں جعلی دستاویزات پیش کرنے کا ہے۔ بتایا جائے کہ عدالت میں جھوٹ بولنے پر آرٹیکل 62 لگتا ہے یا نہیں؟ انصاف کا ترازو لاڈلے کی طرف جھکے گا تو یہ ناانصافی ہ گی۔ ہر جمہوریت پسند نواز شریف کے قافلے میں شامل ہو گا۔