نیب سے تعاو ن کا ایم او یو سائن نہیں ہوا، بات چیت جاری ہے، آڈیٹر جنرل
لاہور (ا ین این آئی)آڈیٹر جنرل پاکستان جاوید جہانگیر نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سے تعاون کے حوالے سے باقاعدہ ایم او یو سائن نہیں ہوا تاہم بات چیت ہو رہی ہے جہاں ضرورت ہوئی مدد کریں گے،صوبوں میںکمپنیز کا آڈٹ کر چکے ہیں اور رپورٹ تیاری کے مراحل میں ہے، جلد طریقہ کارکے مطابق رپورٹ پیش کر دی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں ڈائریکٹر جنرل پرفارمنس آڈٹ ونگ کے زیر اہتمام بین الاقوامی تربیتی پروگرام برائے پرفارمنس آڈٹ کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل آڈیٹر جنرل کرامت حسین بخاری، اکائونٹنٹ جنرل پنجاب لاہور شجاع الدین ذکائ، ریکٹر پاکستان آڈٹ اینڈ اکائونٹس اکیڈمی لاہور اظہر حمید سمیت اعلیٰ افسران بھی موجود تھے جبکہ ویتنام اور نیپال سے کورس میں حصہ لینے والے آڈٹ آفیسرز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔جاوید جہانگیر نے کہا کہ موجودہ حالات میں آڈیٹر جنرل کا کردار اہم ہے اور اس سلسلہ میں ادارہ کی استعداد بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم ٹرانزیکشن آڈٹ سے پرفارمنس آڈٹ کی طرف بڑھ رہے ہیں، پرفارمنس آڈٹ معیشت، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ منصوبوں، پروگرامز کی شفافیت، اوران کی کارکردگی کوجانچنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہتھیار ہے۔ جاوید جہانگیر نے کہا کہ ویتنام، ترکی اور ایران جیسے ممالک سے وہاںٹریننگ پروگرامز کے انعقاد کیلئے درخواستیں موصول ہوئی ہیں، آئندہ ہفتے پاکستان، چین میں آڈٹ کے حوالے سے مشترکہ سیمینار کا انعقاد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو ( نیب ) سے تعاون کے حوالے سے باقاعدہ ایم او یو سائن نہیںہوا تاہم بات چیت ہو رہی ہے جہاں نیب کوہماری ضرورت ہوگی مدد کریں گے جہاں ہمیںضرورت ہو گی نیب مدد کریگا۔ تقریب کے اختتام پر آڈیٹر جنرل نے کامیابی سے کورس مکمل کرنیوالے شرکاء میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔