قاتل عمران کے اہلخانہ ہراساں کررہے‘ تحفظ دیا جائے: زینب کے والد کی سپریم کورٹ میں درخواست
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں قصور میں زیادتی کے بعد قتل کی گئی ننھی بچی زینب کے والد نے مجرم عمران کے اہلخانہ کی جانب سے ہراساں کیے جانے پر درخواست دائر کر دی ۔ مقتول زینب کے والد امین انصاری نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان کی بیٹی کے قاتل عمران کے اہلخانہ انہیں ہراساں کر رہے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مجرم عمران کے سہولت کاروں سے متعلق تفتیش نہیں کی گئی اس لئے انہیں بھی شامل تفتیش کیا جائے۔ بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امین انصاری نے کہا کہ پولیس کی تفتیش پر اعتماد نہیں، چیف جسٹس سے ملاقات کر کے اپنے تحفظات کا اظہار کروں گا۔ امین انصاری نے کہا کہ زینب کے قاتل کو ملنے والی سزا پر مطمئن نہیں، مجرم عمران کو سر عام پھانسی ہی نہیں بلکہ سنگسار کیا جائے۔