وزیراعظم کی تقرری کے خلاف درخواست سندھ ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر
کراچی(این این آئی) سندھ ہائیکورٹ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی تقرری کے خلاف دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کرلی۔ سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی گئی پٹیشن میں درخواست گزار مولوی اقبال حیدر نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے قرار دیا تھا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف وزارت عظمیٰ کیلئے ا ہل نہیں رہے اور 28 جولائی کے بعد سے نواز شریف کے تمام فیصلے غیر قانونی قرار دے دیئے گئے۔درخواست گزار کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی نواز شریف نے بطور وزیراعظم نامزد کیا تھا اور یہ تقرری انہوں نے اپنی نااہلی کے بعد کی۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ مفاد عامہ سے متعلق آئینی درخواست کسی بھی ہائی کورٹ میں سنی جا سکتی ہے۔درخواست کی سماعت پیر 12 مارچ کو سندھ ہائی کورٹ میں ہوگی۔یاد رہے کہ 28 جولائی 2017ء کو پانامہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے عہدے کیلئے نااہل قرار دے دیا تھا۔