سپریم کورٹ: قتل کے 2ملزموں کی بریت کیخلاف درخواست زائد المیعاد ہونے پر خارج
اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے قتل کے مقدمہ کے دو ملزموں کی بریت کیخلاف درخواست چار روز زائد المعیاد ہونے پر خارج کردی۔ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں عدالت عظمی کے تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو 18سالہ مقتول محمد مجاہد کا والد عدالت میں پیش ہوااور کہاکہ میں غریب آدمی ہوں۔ اپیل وقت پر فائل کی لیکن رجسٹرار نے کاغذ لانے کا کہہ دیاجس کی وجہ سے چار روز تاخیر ہوگئی جس پر جسٹس آصف کھوسہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا سوائے چند لوگوں کے سارا ملک ہی غریب ہے۔ قانون نے اپیل دائر کرنے کے لیے وقت مقرر کیا ہے۔ قانون کے ہاتھوں ہم مجبور ہیں اس لئے زائد المعیاد درخواست نہیں سن سکتے۔ درخواست گزار نے استدعا کی مجھ پر رحم کیا جائے صرف چار دن کی تاخیر کی بات ہے تو جسٹس آصف کھوسہ نے کہا رحم کی بات نہیں قانون کی بات ہے۔ زائد المعیاد درخواست سنی تو یہ نئی نظیر بن جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا جس کا کام اسی کو ساجھے اگر وکیل ہوتا تو آپ کو ان مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ یاد رہے محمد مجاہد کو 2011ء میں نوشہرہ میں قتل کیا گیا۔ ٹرائل کورٹ نے 2ملزمان عمران اور عزیز الرحمٰن کو عمر قید سنائی تاہم پشاور ہائیکورٹ نے عدم شواہد کی بنا پر دونوں ملزموں کو بری کردیا۔