دوہری شہریت پر 5 نومنتخب سینیٹرز کی کامیابی کے نوٹیفکیشن روک لئے گئے
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)الیکشن کمیشن نے نومنتخب سینیٹرز کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری کردئیے،کامیابی کے نوٹیفیکشن انتخابی اخراجات کی تفصیل جمع کرانے پر جاری کر دیئے جبکہ د وہری شہریت پر5ارکان کے نوٹیفیکیشن روک دیئے۔جمعہ کو الیکشن کمیشن نے اسلام آباد سے 2 ،بلوچستان سے 10، سندھ سے 12،پنجاب سے 8،خیبر پختونخوا سے 11 اور فاٹا سے 4 سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے ۔پنجاب سے نو منتخب سینیٹر چوہدری سرور ، ہارون اختر، سعدیہ عباسی اورنزہت صادق کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن مبینہ طور پر دہری شہریت رکھنے پر سپریم کورٹ کے حکم پرروک لئے گئے۔بلوچستان سے آزاد امیدوار بابر کی کامیابی کا بھی نوٹیفکیشن روک لیا گیا۔ان کا نوٹیفکیشن بھی مبینہ طور پر دوہری شہریت رکھنے پر روکا گیا۔چیف الیکشن کمشنر نے بابر کی دوہری شہریت کے معاملے پر از خود نوٹس لیا ہے ۔