ثابت ہوگیا کہ برائلر گوشت صحت کیلئے مضر نہیں، سپریم کورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ کے روبرو عدالتی معاون نے مرغیوں کو دی جانے والی فیڈ سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی جس میں کہا گیا ہے کہ مرغیوں کو دی جانیوالی فیڈ سے گوشت پر اثر نہیں ہوتا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے مرغیوں کو دی جانیوالی خوراک کے از خود نوٹس پر سماعت کی۔ عدالتی معاون نے بتایا کہ مرغیوں کو دی جانیوالی فیڈ ٹھیک ہے۔ مرغیوں کی خوراک ان ہی کی آلائشوں سے تیار کی جاتی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر فیڈ ٹھیک ہے تو یہ خوش آئند ہے، اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ برائلر مرغی مضر صحت نہیں۔ لگتا ہے کہ ہم اچھے نتائج کے لیے کافی قریب پہنچ چکے ہیں، مرغیوں کی انتڑیوں کے تیل کی فروخت پر پابندی کے لیے قانون سازی کی جائے جو چیز میں اپنے بچوں کو نہیں کھلا سکتا وہ قوم کے بچوں کو بھی نہیں کھانے دوں گا۔ عدالت نے سیکرٹری لائیو سٹاک کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔