شمالی کوریاکی امریکہ کو ایٹمی پروگرام مشروط طور پر بند کرنے کی پیشکش
واشنگٹن (آن لائن)شمالی کوریا نے امریکہ کو نیوکلیئر پروگرام بند کرنے کی پیش کش کردی جبکہ صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان کی ملاقات کی دعوت بھی قبول کرلی ، دونوں رہنماؤں کی ملاقات مئی میں متوقع ہے۔شمالی کوریا کے رہنما کی جانب سے بھیجا گیا خط جنوبی کوریا کا وفد امریکہ لے کرپہنچا جس میں شمالی کوریا کے رہنما نے صدر ٹرمپ کو ملاقات کی دعوت دیتے ہوئے اپنا نیوکلئیر پروگرام مشروط طور پر بند کرنے کی بھی پیش کش کی۔ جنوبی کوریائی وفد نے وائٹ ہائوس میں اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما سے ملاقات پر آمادگی ظاہرکر دی ہے ، وفد کے مطابق دونوں رہنماؤں میں مئی تک ملاقات متوقع ہے۔اس سے قبل دونوں ممالک میں شدیدتناؤ رہا ، صدر ٹرمپ شمالی کوریا کے رہنما کو راکٹ مین کہہ چکے ہیں جبکہ کم جونگ ان نے بھی صدر ٹرمپ کو خبطی بوڑھا قراردیا تھا۔ ادھر ترجمان وائٹ ہائوس سارہ سینڈرزکے مطابق اب تک امریکہ کے کسی بھی صدرکی شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کی یہ پہلی ملاقات ہوگی جو بہت اہم تصور کی جارہی ہے۔
شمالی کوریا/ پیشکش