شفاف الیکشن سے ملک کی سلامتی وابستہ ہے ‘ خواجہ طارق نذیر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویڑن کی کمیٹی برائے حلقہ بندیاں کا اجلاس جمعہ کو کشمیر ہاو¿س میں کمیٹی کے چیئرمین خواجہ طارق نذیر کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ملک تاج، امان آفریدی، اسلم خٹک،ندیم آرائیں ،رانا عارف اور طارق محمود نے شرکت کی۔اجلاس میں اضلا ع کی سطح پر اس ہی طرز کی کمیٹیوں کے قیام کے لیے غور و خوض کیا گیا اور کراچی کے تمام ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی وہ ا س سلسلے میںاقدامات کرکے مرکزی کمیٹی کو اپنی رپورٹ پیش کریں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد سے ملک کی سلامتی وابستہ ہے۔اگر حلقہ بندیاں ہی ٹھیک نہیں ہوں گی تو عوام کے حقیقی نمائندے کس طرح پارلیمنٹ میں عوام کی نمائندگی کرسکیں گے۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کراچی کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ شہر کے حقیقی نمائندے ایوانوں میں پہنچیں ۔خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ کراچی سے نمائندگی نہ ہونے کے باوجود وفاقی حکومت نے جس طرح کراچی کی خدمت کی ہے اس کا ہر کوئی معترف ہے۔شہر قائد کو امن کا تحفہ دینے کے بعد 2018میں کامیابی حاصل کریں گے اور برسراقتدار آکر کراچی کے عوام کو مسائل سے نجات دلائیں گے۔