’’دنیا میں2کروڑ بچے حفاظتی ٹیکوں سے محروم ہیں‘‘
کراچی (نیوز رپورٹر) دنیا میں2کروڑ بچے حفاظتی ٹیکوں سے محروم ہیں، سالِ رواں میں ابھی تک پاکستان میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے، دنیا بھر میں حفاظتی ٹیکوں کی مدد سے بچوں کی 60 فیصد اموات پر قابو پایا جاسکتا ہے، ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ ملک سے مہلک امراض کے خاتمے کے لئے اپنا سماجی کردار ادا کرے۔ یہ بات ڈبلیو ایچ اوکے نمائندے کیتھ فیلڈن نے جمعہ کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)، جامعہ کراچی کے سیمینار روم میں حفاظتی ٹیکاجات کا آگاہی سمینار میں اپنے خطاب کے دوران کہی۔ لیکچر کا انعقاد ای پی آئی شعبۂ صحت سندھ اور بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، کے باہمی تعاون سے ہوا۔ کیتھ فیلڈن نے مزید کہا کہ ای پی آئی شعبۂ صحت سندھ ہر ای پی آئی سینٹر پر دوسال سے کم عمر کے بچوں کو لاحق دس جان لیوا بیماریوں سے بچائو کی ویکسین مفت فراہم کررہی ہے۔