عیدالاضحی پر صفائی ستھرائی کا مثالی انتظام

عید الاضحی کے موقع پر پنجاب بھر میں مختصر وقت میں صفائی کا شاندار آپریشن مکمل کیا گیا، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے صفائی انتظامات کی خود نگرانی کی اور مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا۔پنجاب کے تمام ڈویڑنز میں کمشنرز، اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اور تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں متحرک رہے۔عید کے پہلے روز ایک لاکھ 11 ہزار ٹن ویسٹ کو ٹھکانے لگایا گیا، جس پر شہریوں نے بھی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔
یہ امر خوش آئند ہے کہ امسال عیدالاضحی پر پنجاب بھر میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات دیکھنے میں آئے ‘ بالخصوص لاہور شہر میں آلائشوں کو فوری ٹھکانے پر لگایا جاتا رہا جس سے شہر صاف ستھرا اور تعفن سے پاک نظر آیا۔انتظامیہ صرف ان علاقوں میں ہی متحرک نہیں رہی جن علاقوں میں وزیراعلیٰ کا دورہ متوقع تھا‘ بلکہ شہر کے چھوٹے علاقوں میں بھی اسکی کارکردگی شاندار رہی۔ اس تمام مینجمنٹ کا کریڈٹ یقیناً حکومت پنجاب کو جاتا ہے۔ عید گزرنے کے بعد بھی انتظامی مشینری مصروف عمل رہی جس پر عوام بھی مطمئن ہیں۔ کوشش کی جائے کہ صفائی ستھرائی کا یہ سلسلہ صرف عیدین تک ہی محدود نہ رہے بلکہ اسے سارا سال جاری رہنا چاہیے تاکہ عوام مطمئن ہوں کہ سیوریج اور صفائی کی مد میں جو وہ ٹیکس ادا کرتے ہیں‘انکے ٹیکس کا صحیح استعمال کیا جا رہا ہے۔ شنید ہے کہ اس صفائی ستھرائی کے تمام اخراجات بلوں کے ذریعے عوام سے وصول کئے جائیں گے۔ عوام تو پہلے ہی سیوریج سمیت وہ تمام ٹیکسیز ادا کرنے پر مجبور ہیں جو ان پر واجب الادا بھی نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عوامی مشکلات سے بخوبی واقف ہیں، انکی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں بھی ہیں اور انہیں ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدامات بھی اٹھا رہی ہیں‘ اگر انتظامیہ کی جانب سے عوام سے اخراجات وصول کرنے کا سوچا جا رہا ہے تو وزیراعلیٰ کو اس کا فوری اور سخت نوٹس لینا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن