اسرائیلی فورسز : مقبوضہ مغربی کنارےپر ایک فلسطینی شہید

فلسطین کی وزارت صحت اور فوج نے بتایا ہے کہ جمعہ کے روز اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک فلسطینی کو شہید کر دیا ہے۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ 29 سالہ مہدی بیادسا کو رام اللہ کے مغرب میں رانتیس فوجی چوکی کے قریب قابض اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے شہید کیا۔ فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے ایک فلسطینی کو ختم کردیا ہے جو ایک چوری شدہ گاڑی میں مغربی کنارے اور اسرائیل کے درمیان کراسنگ پوائنٹ کے قریب پہنچا تھا۔اسرائیلی فوج کے اہلکار اس کی گاڑی کا معائنہ کر رہے تھے تو مشتبہ شخص نے ایک فوجی پر حملہ کیا اور اس کا ہتھیار چرانے کی کوشش کی۔ اس دوران ایک اہلکار معمولی زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔اس تصادم کے بعد علاقے میں ایک اور فوجی نے مشتبہ شخص کی طرف براہ راست گولی چلائی اور اسے بے اثر کر دیا۔ فوج نے مزید کہا کہ وہ واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔واضح رہے 1967 کی چھ روزہ جنگ کے بعد اسرائیل نے مغربی کنارے پر قبضہ کرلیا تھا۔ مغربی کنارے میں تقریبا 30 لاکھ فلسطینی آباد ہیں۔ اسرائیل نے مغربی کنارے میں یہودی بستیاں آباد کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ مغربی کنارے میں تقریبا 4 لاکھ 90 ہزار یہودیوں کو آباد کردیا گیا ہے۔ بین الاقوامی قانون کے تحت مغربی کنارے میں موجود یہ یہودی بستیاں غیر قانونی ہیں۔اس سال کے آغاز سے اب تک اسرائیل کم از کم 157 فلسطینیوں کو شہید کر چکا ہے۔ اسرائیل فلسطین تنازع سے منسلک تشدد میں امسال 21 اسرائیلی ایک یوکرینی اور ایک اطالوی شہری بھی ہلاک ہو چکا ہے۔