احترام انسانیت ، رواداری تعلیم یافتہ معاشرے کی پہچان ہے:ڈاکٹر شاہد منیر

لاہور(نیوز رپورٹر)چیئر پرسن پنجاب ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا ہے کہ احترام انسانیت اور رواداری تعلیم یافتہ معاشرے کی پہچان ہے۔ امن اوررواداری کے بغیر اعلی تعلیم کو فروغ نہیں دیا جاسکتا۔ قوموں کی ترقی کیلئے ہم آہنگی اور مساوات ناگزیر ہے۔ پی ایچ ای سی نے جامعات میں امن اور روداری کے فروغ کیلئے 34 نکات پر مشتمل امن فارمولہ پیش کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہا انہوں نے وائس چانسلرز قومی امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا اہتمام ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، پاکستان، نیشنل کاو¿نٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) اور شعور فاو¿نڈیشن فار ایجوکیشن اینڈ اویئرنیس (ایس ایف ای اے) نے مشترکہ طور پر کیا۔ کانفرنس کا تھیم “انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے پر اکیڈمک ڈسکورس دی وے فارورڈ” امن، ایڈوکیسی اور کمیونٹی انگیجمنٹ تھرو ٹالرنس پروجیکٹ کے نفاذ میں ایک اہم سنگ میل ہے، جو ایچ ای سی پاکستان، نیکٹا، ایس ایف ای اے اور دیگر پالیسی سطح کے سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کی بنیاد پر بنایا گیا ہے۔ ڈاکٹر شاہد منیر کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک کے پاس تھنک ٹینک ہیں جو درپیش چیلنجز کی روشنی میں سفارشات تیار کرتے ہیں اور اپنے ممالک کو بحرانوں سے نکالتے ہیں۔ ہمیں اپنے ملک میں ماہرین پر مشتمل ایک ”مارل تھنک ٹینک“ کی ضرورت ہے جومتوازن معاشرے کے قیام کیلئے سفارشات تیار کرے اوررول ماڈل کے طور پر کام کرے۔