روایتی چینی ادویات کے سینٹر کے قیام سے تحقیق کو فروغ ملے گا
کراچی (نیوزرپورٹر)وزیر اعظم کی نیشنل ٹاسک فورس برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے سربراہ اور بین الاقوامی مرکز کے سرپرستِ اعلیٰ پروفیسر عطا الرحمن نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں روائیتی چینی ادویات کے سینٹر کے قیام سے متعلقہ موضوع پر تحقیق کے نئے دروازے کھلیں گے، چین نے فقید المثال ترقی ہے پاکستان کو چین کی ترقی سے سبق لینا چاہیے، پاکستان اور چین کی قریبی دوستی کو اعلیٰ تعلیم، سائینس اور ٹیکنالوجی، اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جسیے محاذ وں پر مزید فروغ مل رہا ہے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو سائنو پاکستان کوآپریشن سینٹر فار ٹریڈیشنل چائینیز میڈیسن کی تختی اور روائیتی چینی ادویات اور روائیتی یونانی ادویات کے موضوع پرایک روزہ سائنو پاکستان سمپوزیم کی آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میںمنعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ تقریب کے آخر میں شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر خالد محمودعراقی نے سائنو پاکستان کوآپریشن سینٹر فار ٹریڈیشنل چائینیز میڈیسن کی تختی کا افتتاح بھی کیا۔ افتتاحی تقریب میںشیخ الجامعہ کراچی سمیت صوبائی وزیرِصحت و بہبودِآبادی ڈاکٹر عزرا فضل پیچو (آن لائن)، چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق (آن لائن)، پاکستان میں چینی سفارت خانے کی ڈپٹی چیف آف مشن چنخ پنگ (آن لائن)، چینی حنان صوبے کے میئر لی چنخ (آن لائن) ، ڈائریکٹر صحت ڈاکٹر دبیر احمد، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور ہمدرد فاونڈیشن پاکستان کی سعدیہ راشد (آن لائن) نے خطاب کیا۔ واضح رہے کہ یہ تقریب ایک ہی وقت میں چین اور پاکستان دنوں ملکوں مشترکہ طور پر منعقد ہوئی۔ پروفیسر عطا الرحمن نے کہا پاکستان کو چین کی ترقی سے سبق لینا چاہیے،چینی جامعات کے تعاون سے ہری پور ہزارہ میں ہم نے پاک آسٹریا یونیورسٹی آف ایپلائیڈ سائینسز اینڈ انجینئرنگ قائم کی ہے، انہوں نے کہا ان کی زیر سرپرستی ملک بھر میں 150 ادارے قائم ہوئے ہیں ۔ ڈاکٹر عزرا فضل پیچو نے کہاجامعہ کراچی میں روائیتی چینی ادویات کے سینٹر کے قیام سے دونوں ملکوں میں روائیتی ادویات کو فروغ ملے گا۔