چیمپئنز ٹرافی:شکیب الحسن ، محمود اللہ کی سنچریاں ، بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو ہرا کر چیمپئنز ٹرافی سے باہر کر دیا
لندن (سپورٹس رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے ہی باہر کر دیا ۔ کیویز نے بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 266 رنز کا ہدف دیا جو5وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم میدان میں اتری تو صرف 33 کے سکور پر اس کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ تمیم اقبال صفر، سومعیہ سرکار 3، صابر رحمان 8 اور مشفق الرحیم صرف 14 رنز بنا سکے۔شکیب الحسن اور محمود اللہ نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ دونوں بلے بازوں نے شروع میں محتاط انداز اپنائے رکھا، تاہم سیٹ ہوتے ہی انہوں نے کیوی باولرز کی درگت بنانا شروع کر دی۔ شکیب الحسن اور محمود اللہ نے سنچریاں بنائیں۔ تاہم میچ کے آخری اوور میں ٹرنٹ بولٹ شکیب الحسن کو بولڈ کرنے میں کامیاب رہے۔ شکیب الحسن نے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 114 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ محمود اللہ نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 102 رنز کی ناو¿ٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش نے سینتالیس اعشاریہ دو اوورز میں 5 وکٹوں 268 رنز بنائے۔ ٹم ساوتھی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کیویز کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مارٹن گپٹل اور لیوک رونچی میدان میں اترے اور ٹیم کے سکورکو46 تک پہنچا یا تو رونچی کیچ آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ رونچی 16 رنز بنا سکے۔ مارٹن گپٹل نے 33 رنز بنائے۔کپتان کین ولیمسن اور روس ٹیلر نے سکور کو 150 سے زائد تک پہنچایا۔ تیسری وکٹ 152 رنز پر گری جب ولیمسن رن آو¿ٹ ہو گئے۔ کین ولیمسن نے 57 رنز بنائے۔ روس ٹیلر نے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔ مچل سینٹنر صفر جبکہ ایڈم ملنی 7 رنز بنا سکے۔نیوزی لینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوںپر 265 رنز بنائے۔ مصدق حسین نے 3 ‘ تسکین احمد نے 2 جبکہ مستفیض الرحمان اور روبل حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔