ڈاکٹر عبدالمالک کا وزیراعلیٰ بننا مسئلہ بلوچستان کے حل کی جانب پہلا قدم ہے: شجاعت

10 جون 2013
ڈاکٹر عبدالمالک کا وزیراعلیٰ بننا مسئلہ بلوچستان کے حل کی جانب پہلا قدم ہے: شجاعت

لاہور (خبر نگار) (ق) لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالمالک کا بطور وزیراعلیٰ متفقہ طور پر انتخاب مسئلہ بلوچستان کے حل کی جانب پہلا قدم ہے۔ گذشتہ روز بیان میں اپنی اور چودھری پرویزالٰہی کی جانب سے ڈاکٹر عبدالمالک کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے چودھری شجاعت نے کہا کہ میری رائے میں پہلی بار ایسا موقع پیدا ہوا ہے جس سے امید ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ حل ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک نہایت دیانتدار اور بامروّت شخصیت کے حامل ہیں۔ وہ بلوچستان کے پہلے وزیراعلیٰ ہیں جو بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں اور اس طرح انہوں نے سب کو ساتھ لیکر چلنے کی بہترین مثال پیش کی۔ ڈاکٹر عبدالمالک نے مفاہمت کی جو بات کی ہے وہ دل سے کی ہے اور اس میں انکا خلوص نیت اور سچائی نظر آتی ہے جبکہ باقی جو ایسی باتیں کرتے ہیں وہ سب زبانی جمع خرچ ہیں۔ انہوں نے آخر میں یقین ظاہر کیا کہ ڈاکٹر عبدالمالک اپنی بہترین صلاحیتوں کے ناطے صوبہ کے بلوچ اور پختون عوام کو ساتھ لیکر چلیں گے، دیرینہ مسائل کو احسن طور پر حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔