بجلی بحران برسوں نہیں مہینوں میں حل کرنیکی تجویز دے سکتا ہوں: ڈاکٹر عبدالقدیر

10 جون 2013

لاہور(آئی این پی) محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ بجلی کا بحران سالوں میں نہیں مہینوں میں حل کرنے کیلئے تجاویز دے سکتا ہوں، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کرپشن کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔ امید ہے مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ملک مضبوط ہوگا اور عوامی مسائل کا حل بھی ممکن ہوسکے گا۔ امریکی ڈرون حملے ملک کی سالمیت اور خودمختاری پر حملے ہیں انکو بند ہونا چاہئے۔ وہ گزشتہ روز پارٹی رہنما ڈاکٹر دانش بلوچ اور دیگر سے ٹیلیفونک گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ ملک میں اگر بجلی چوری کو روک لیا جائے تو بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس ایسی تجاویز ہیں جن کے ذریعے بجلی کی لوڈشیڈنگ سالوں میں نہیں بلکہ مہینوں میں ختم ہوسکتی ہے، حکومت نے رجوع کیا تو تجاویز دینے کیلئے تیار ہوں۔