لاہور میں خسرہ سے ایک اور بچہ جاں بحق، ہلاکتوں کی تعداد 81 ہوگئی
لاہور (نیوز رپورٹر) لاہور کے میوہسپتال میں خسرہ سے مزید ایک بچہ جاں بحق ہونے سے شہر میں ہلاکتوں کی تعداد 81 ہوگئی۔ پنجاب میں خسرہ سے مرنے والے بچوں کی تعداد 147 تک پہنچ گئی۔ 24 گھنٹوں کے اندر 127 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رواں سال میں پنجاب میں خسرہ کے 16747 اور لاہور میں 5021 ہوگئی ہے۔ ادھر صوبائی دارالحکومت کے سرکاری و ٹیچنگ ہسپتالوں میں گیسٹرو کی وباءکے مریضوں کی تعداد میں ہر روز اضافہ ہونے سے بستروں میں کمی کی وجہ سے میریضوں کو مشکلات کا سامنا رہنے لگا۔ لاہور میں خسرے کے بعد گیسٹرو سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے بعد سرکاری ہسپتالوں میں بستروں کے علاوہ ادویات کی عدم فراہمی کے باعث متاثرہ مریضوں نے سرکاری ہسپتالوں کی بجائے پرائیویٹ ہسپتالوں کا رخ کرنا شروع کردیا ہے۔ محکمہ صحت خسرے اور گیسٹرو کی وبا پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے اور ہسپتالوں میں بھی سہولیات کا فقدان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ مریضوں کے لواحقین ہسپتالوں میں بستر اور مفت ادویات اور ٹیسٹ کروانے کے لئے سفارشیں ڈھونڈ رہے ہیں۔