ایک سال میں پتہ چل جائیگا مسلم لیگ ن کے تلوں میں کتنا تیل ہے: فاروق ستار

10 جون 2013
ایک سال میں پتہ چل جائیگا مسلم لیگ ن کے تلوں میں کتنا تیل ہے: فاروق ستار

اسلام آباد ( خبر نگار ) ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم نے پانچ سال حکومت میں رہ کر جمہوریت کا صدقہ اتارا ہے، پاکستان کا چہرہ تو روشن ہے‘ کراچی دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کا بدنما پاﺅں بن گیا ہے ،کراچی کے ہر مسئلے کا ذمہ دار متحدہ کو ٹھہرایا جاتا ہے‘ ارباب اقتدار نے ہمیشہ شہر قائد سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ،حکومت کے پہلے سو دن اہم ہیں ،ایک سال میں پتہ چل جائیگا مسلم لیگ (ن) کے تلوں میں کتنا تیل ہے ۔اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کے مینڈیٹ کی اکثریت پنجاب سے ہے دعوے عوامی جماعت کے کئے جاتے ہیں۔ الظاف بھائی نے پہلے مبارکباد دے کر ادھار چکا دیا۔ ہم گزشتہ حکومت میں شامل نہ ہوتے تو کراچی میں خانہ جنگی شروع ہو جاتی ۔تمام سیاسی جماعتوں سے اچھے تعلقات کے حامی ہیں اسی لیے دو مرتبہ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ جا چکا ہوں جبکہ کافی عرصہ ہو گیا کہ جماعت اسلامی کا کوئی وفد نائن زیرو میں نہیں آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں ووٹرز نے اپنے علاقے کے لیڈر پر بھروسہ کیا دوسرے لیڈرز پر انہیں اعتماد نہیں، موجودہ مینڈیٹ علاقائی، صوبائی اور لسانی مینڈیٹ ہے۔ ایک سوال کے جواب مٰں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بارے میں کہا جا سکتا ہے کہ ہر ایک شاخ پر الو بےٹھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ایم کیو ایم کا نعرہ چرایا ہے۔