ڈرون حملے خودمختاری کیخلاف ہیں، برداشت نہیں کریں گے: برجیس طاہر

10 جون 2013

سانگلا ہل+ شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار خصوصی) وفاقی وزیر امور کشمیر،گلگت بلتستان چودھری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ ڈرون حملے برداشت نہیں کرینگے، یہ حملے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیخلاف ہیں، حملوں میں بے گناہ شہری مارے جاتے ہیں اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ وہ مقا می رابطہ دفتر میں صحافیوں سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقعہ پر چودھری طارق محمود باجوہ ایم پی اے، مسلم لیگ (ن) کے تحصیل صدر میاں اعظم شریف اور جنرل سیکرٹری محمد عمران بوبک بھی موجود تھے۔ چودھری برجیس طاہر نے مزید کہا کہ وزیراعظم کرپشن فری حکومت بنانا چاہتے ہیں، اسی لئے میاں نواز شریف نے وزارتوں کی کاکردگی کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی کمیٹیاں قائم کی ہیں، جہاں بھی کرپشن پائی گئی، وہاں قانون کی مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پی کے میں ہم دوسری سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔کے پی کے اور بلوچستان میں مسلم لیگ چاہتی تو حکومت بنانا چاہتی تو بنا سکتی تھی مگر وزیر اعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں مفاہمت کی پالیسی پر کار بند رہیں گے، تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے، محاذ آرائی کی سیاست نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کیلئے کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے مگر ہم تباہ حال قومی اداروں کو جلد بحال کرینگے، جن میں واپڈا پہلے نمبر پر ہو گا، عوام کو جلد تبدیلی کے اثرات نظر آئیں گے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے تمام وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرکے عوام کا معیار زندگی بلند اورتباہ حال قومی اداروں کی تعمیر نو کرے گی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق چودھری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور اسکی قیادت نے ملک کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے ذمہ داریاں اپنے کندھوں پر لی ہیں ہم انشاءاللہ ملک کو بحرانوںسے نکال کر تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، وہ شیخوپورہ آمد پر استقبال کے لئے آنے والے کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔