پسند کی شادی پر گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں 2 جوڑے قتل
گوجرانوالہ+راولپنڈی (نمائندہ خصوصی+این این آئی) پسند کی شادی پر گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں 2 جوڑوں کوقتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پسند کی شادی کرنے کی رنجش پر گھر آئی ہوئی بہن اور اس کے شوہر کو بھائی نے بیدردی سے آہنی راڈ مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ گرجاکھ کے علاقہ جنت ٹاﺅن کی مہناز نے دوسال قبل علی جی ٹاﺅن کے حفیظ سے گھر سے بھاگ کر شادی کرلی تھی اس بات پرلڑکی کے بھائی سرفرازکو رنج تھا جبکہ مہناز نے شادی کے بعد اپنی والدہ سے فون پر رابطہ کیا توا سکی والدہ نے بیٹی کو معاف کرتے ہوئے گھر آنے کا کہا جس پر مہنازاپنے شوہر کے ہمراہ والدین کوملنے گھر آ گئی جہاں پر لڑکی کے بھائی نے دونوں میاںبیوی کو دیکھتے ہوئے پسندکی شادی کرنے کی رنجش پر آہنی راڈکے بیددری سے وار کرکے انہیں موقع پر قتل کر دیا اور ملزم خود موقع سے فرار ہوگیا آہنی راڈ برآمد تاحال ملزم فرار ہے تاہم پولیس مصروف تفتیش ہے۔ ادھر راولپنڈی میں پیر ودہائی موڑ پر پسند کی شادی کرنے والے ایک جوڑے کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا پولیس کے مطابق مقتول عمران عالم کا تعلق سرگودھا جبکہ مقتولہ کا تعلق پشاور سے ہے، دونوں نے کچھ عرصہ قبل گھر والوں کی رضا مندی کے بغیر پسند کی شادی کر لی تھی پولیس کے مطابق پیر ودہائی موڑ بس اسٹینڈ پر دو نقاب پوش افراد نے فائرنگ کرکے میاں بیوی کو قتل کردیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس نے لاشیں قبضہ میں لے کر ابتدائی تفتیش شروع کردی۔