پرامن انتقال اقتدار ہماری مفاہمتی پالیسی کا نتیجہ ہے: یوسف گیلانی

10 جون 2013

لاہور (خبر نگار ) پاکستان پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین و سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پرامن انتقال اقتدار پیپلز پارٹی کی مفاہمتی پالیسی کا نتیجہ ہے‘ میں پہلے بھی جیل میں رہ چکا ہوں اور آئندہ بھی ملک اور جمہوریت کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں‘ سید خورشید شاہ کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنا خوش آئند ہے وہ حقیقی اور بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ گزشتہ روز لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مجھے ایک سازش کے تحت جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں لیکن میں خوفزدہ نہیں ہوں گا کوئی مجھے گرفتار کرنا چاہتا ہے تو کر لے انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے مفاہمت کی سیاست جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کی اور اسی مفاہمت کی پالیسی کی وجہ سے پیپلز پارٹی کی حکومت نے پانچ سالہ آئینی مدت پوری کی اور اب آئینی اور قانونی طریقے سے پرامن انتقال اقتدار ہوا ہے جس پر میں بھی بہت خوش ہوں۔ انہوں نے کہا قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پاس اپوزیشن میں اکثریت ہے اور اسی وجہ سے پیپلز پارٹی کا ہی اپوزیشن لیڈر ہونا چاہیے تھا۔