ریلوے کو دوبارہ منافع بخش ادارہ بنائیں گے: سعد رفیق
لاہور (خبر نگار) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کو دوبارہ منافع بخش قومی ادارہ بنائیں گے۔ ریلوے کو عوام کی سستی اور محفوظ سواری بنا کر دم لیں گے۔ وہ گذشتہ روز وزارت ریلوے سنبھالنے کے بعد لاہور میں اپنے حلقے میں مختلف تقریبات میں ورکرز سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کے دونوں اراکین صوبائی اسمبلی یٰسین سوہل اور میاں نصیر احمد بھی ان کے ساتھ تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کارکنوں سے کہا کہ ریلوے سمیت کسی بھی محکمے میں کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔ ملک کو کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل سے نجات دلانے کا اپنا وعدہ پورا کریں گے۔ لوڈشیڈنگ سے جلد از جلد نجات اور ملکی معیشت کی بحالی ہماری حکومت کی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف عوام کے مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ لوڈشیڈنگ اور کرپشن ہے جس کے خاتمے کیلئے سخت سے سخت اقدامات سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ عوام نے ہمیں جو مینڈیٹ دیا ہے اور جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گے۔