خفیہ فنڈ سیاسی مفادات حاصل کرنے کیلئے استعمال کرنے کا قانون ختم کر دےں گے: پرویز رشید
اسلام آباد (ثناءنیوز) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہماری حکومت اس قانون کو ختم کرے گی جس کے تحت خفیہ فنڈ سیاسی مفادات حاصل کر نے کیلئے استعمال کئے جاتے ہیں۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن جمہوریت کو مضبوط کرنے کے حق میں ہے اور پارلیمنٹ کی بالادستی کو برقرار رکھنے کے لئے حزب اختلاف کی طرف سے مثبت تنقید کا خیر مقدم کریں گے۔ وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ملک میں صحت مند جمہوری روایات کو فروغ دینے کیلئے مثبت اور تعمیر ی تنقید کا خیرمقدم کرے گی۔ اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان کا تشخص ایک غیر محفوظ ملک کے طور پر سامنے آیا ہے جس کے نتیجے میں غیر ملکی سرمایہ کار پا کستان میں سر مایہ کاری کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ جبکہ سرمایہ بھی بیرون ملک لے جایا جا رہا ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر قابو پانے میں کچھ وقت لگے گا تاہم لوگ جلد نمایاں بہتری محسوس کریں گے۔