جنوبی افریقہ کی مارکیٹ میں2 لاکھ ٹن چاول برآمد کرنے کا ہدف
جنوبی افریقہ کی مارکیٹ میں2 لاکھ ٹن چاول برآمد کرنے کا ہدف
کراچی(اے پی اے)رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے اری 6 چاول کی نئی فصل سے جنوبی افریقہ کی مارکیٹ میں2 لاکھ ٹن چاول برآمد کرنے کا ہدف مقررکرلیا۔ نومبر تک اری6 چاول کی نئی فصل کی آمد شروع ہوجائے گی اور توقع ہے کہ رواں سیزن میں 4 لاکھ ٹن اری 6 چاولکی پیداوارحاصل ہوگی۔ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید غوری نے بتایا کہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے 8 رکنی وفد کا دورہ جنوبی افریقہ انتہائی کامیاب رہا ہے، جہاں پاکستانی چاولوں کو ذائقے کے اعتبارسے زبردست پذیرائی حاصل ہے لیکن رواں سال پاکستان سے جنوبی افریقہ کے لیے بمشکل 3.5 سے 4 ہزار ٹن چاول کی برآمدات ہوسکی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نومبرمیں اری6 کی نئی فصل آنے کے بعد اس چاول کی جنوبی افریقی خریداروں سے پرکشش قیمت حاصل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ نئی فصل کی اری6 چاول کی فی ٹن قیمت425 تا430 ڈالر متوقع ہے۔جنوبی افریقہ میں تعینات پاکستان کے سفارتکاروں کی ٹریڈ بڑھانے کی دلچسپی کو انہوں نے مثالی قراردیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں تعینات سفارتکار بھی اگر قومی جذبے کے تحت اپنی پیشہ ورانہ خدمات بروئے کار لائیں تو پاکستان سے چاولوں کی برآمدات کے علاوہ دیگر مصنوعات کی برآمدات کا حجم بھی کئی گنا بڑھ سکتا ہے۔