ریلوے کی بہتری کےلئے انقلابی فیصلے کرنے کا خیرمقدم

10 جون 2013

فیصل آباد (اے پی پی) ریلوے پریم یونین کے ڈپٹی چیف آرگنائزر خالد محمود چودھری نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی طرف سے سابق وزیر کے زیر استعمال پرتعیش لینڈ کروزر اور ریلوے پولیس کا پروٹوکول واپس کرنے،چوری اور لوٹ مار روکنے کے لئے ویجی لینس سیل کے قیام، ریلوے افسران کی صبح آٹھ بجے دفاتر میں اپنی حاضری یقینی بنانے اور کام چور، لٹیرے ریلوے افسروں کا احتساب کرنے جیسے انقلابی فیصلے کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک لاکھ ریلوے ملازمین اپنے قائد حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں ریلوے کو خسارہ سے پاک ایک باوقار ادارہ بنانے میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ریلوے سٹیشن پر پریم یونین کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک بشیر، باﺅ طاہر، طارق، چودھری سیف الرحمان، کاظم فاروق گل، چودھری تنویر احمد، عبدالرزاق میٹ، ظہیرالدین بابر، چودھری عبدالقیوم، افتخار شاہ، چودھری آصف جاوید اور دیگر زونل ذمہ داران بھی موجود تھے۔