سیکرٹری صحت، مواصلات، ایجوکیشن سمیت کئی افسر تبدیل، نسیم صادق ڈی سی او لاہور تعینات

10 جون 2013

 لاہور(ثناءنیوز) پنجاب بیورو کریسی میں اہم تبادلے کر دئیے گئے، نسیم صادق ڈی سی او لاہور تعینات کئے گئے ہیں۔ نئی حکومت کے قیام کے فورا بعد ہی پنجاب میں بڑے پیمانے پر بیوروکریسی میں تبادلے سامنے آئے ہیں جن کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ تبدیل ہونے والوں میں احد خان چیمہ ڈی جی ایل ڈی اے کے عہدے پر واپس آگئے ہیں۔ علی جان ڈی سی او شیخوپورہ، ساجد ظفر ڈی سی او بہاولپور اور ڈاکٹر توقیر شاہ پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلی تعینات کئے گئے ہیں جبکہ عبدالجبار شاہین سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، ملک حسن اقبال سیکرٹری ہیلتھ، اسلم کمبوہ کو سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، ڈاکٹر اعجاز منیر کمشنر فیصل آباد، اعظم اسلم خان سیکرٹری مواصلات اور عابد جاوید ڈی جی اینٹی کرپشن لگا دئیے گئے جبکہ کیپٹن عارف ندیم کو او ایس ڈی بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔