دس ماہ کے دوران غذائی اجناس کی درآمدات میں 12.83 فیصد کمی

10 جون 2013

اسلام آباد (این این آئی)رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ کے دوران غذائی اجناس کی درآمدات میں 12.83 فیصد کی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا اپریل 2012-13ءکے دوران 3.632 ارب ڈالر کی غذائی اجناس کی درآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ میں غذائی اجناس کی درآمدات کا حجم 4.166 ارب ڈالر تھا۔ رواں سال دودھ، کریم اور نوزائیدگان کے پینے کے دودھ کی درآمد میں 16.32 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ¾ خشک میوہ جات کی درآمد میں 9.14 فیصد اور پام آئل کی درآمد میں 10.11 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔ سویابین آئل کی درآمدات میں 39.55 فیصد کا اضافہ ہوا۔ غذائی اجناس کی درآمدات میں ہونے والی کمی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی جس سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔