لنڈی کوتل میں تحریک انصاف کا ڈرون حملوں، آپریشن، لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرہ

10 جون 2013

لنڈی کوتل (آئی این پی) لنڈی کوتل میں پاکستان تحریک انصاف نے فاٹا کا ڈرون حملوں، فوجی آپریشن اور ناروا لوڈ شیدنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے باچا خان چوک سے لنڈی کوتل پریس کلب تک احتجاجی واک کیا۔ پارٹی رہنماﺅں نے کہا کہ ناقابل برداشت لوڈ شیڈنگ کو ایک ہفتہ میں ختم نہ کر دیا گیا تو نیٹو سپلائی سمیت پاکستان افغان شاہراہ کو بند کر دینگے۔احتجاجی مظاہرہ میں پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنوں سمیت کثیر تعداد میں اہلیاں لنڈی کوتل نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھائے تھے جس پر ڈرن حملے اور فوجی آپریشن بند کرو، ناروا لوڈ شیڈنگ اور ایف سی آر کو ختم کیا جائے کے نعر ے درج تھے، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف لنڈی کوتل کے سینئر رہنما عبدالرازق شینواری اور میجر ریٹائرڈ بخت حسین شنواری نے کہا ڈرون حملوں اور فاٹا میں جاری فوجی آپر یشن میں بے گناہ قبائل مارے جا رہے ہیں انہوں نے کہا ہمیں امریکہ کی جنگ سے نکلنا چاہیے اور فوری طور پر ڈرون حملے اور فوجی آپریشن کو بند کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا فاٹا میں سر اٹھانے والے تمام مسائل کی جڑ ایف سی آر ہے اس کو مکمل طور پر ختم کیاجائے۔ انہوں نے کہا پورے ملک میں 12گھنٹے لیکن لنڈی کوتل میں 24گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے جو سراسر ظلم و نا انصافی ہے۔