نیب کو ختم کرکے احتساب کا کام پارلیمنٹ کو سونپا جائے: اعجاز الحق

10 جون 2013
نیب کو ختم کرکے احتساب کا کام پارلیمنٹ کو سونپا جائے: اعجاز الحق

فیصل آباد+جڑانوالہ (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) مسلم لیگ ضیا ءکے صدر اعجازالحق نے کہا ہے کہ نیب کو ختم کر کے احتساب کا کام پارلیمنٹ کو سونپا جائے ¾ این آراو کے ذریعے جمہوریت کی بحالی کی بجائے ملکی سلامتی گروی رکھ دی گئی۔ فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہاکہ الیکشن کی شفافیت کے حوالے سے مطمئن نہیں تاہم جمہوریت چلانے پر متفق ہیں۔ دو صوبوں میں حکومت نہ ہونے کے باعث مسلم لیگ(ن)ملکی معاملات نہیں چلا سکے گی کیونکہ مسائل کی جڑ کراچی میں ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوج امریکہ کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ کی حکمت عملی تبدیل کرے۔ آئندہ سو دنوں میں پتہ چل جائے گا کہ یہ حکومت بھی ڈکٹیشن پر چلتی ہے یا اپنے پاﺅں پر کھڑی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن)مشرف کے خلاف کوئی کارروائی کر کے ملکی مسائل میں مزید اضافہ کرنا پسند نہیں کرے گی ۔ مشرف کو ایک ماہ کے اندر باہر بھیج دیا جائے گا۔جڑانوالہ میں میاں ابوبکر حمزہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میانمار میں بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام ہو رہا ہے اس سلسلہ میں او آئی سی کو اپنا کردار ادا کرکے میانمار کے بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام بند کروانا چاہئے۔ مسلمانوں کو متحد اور منظم ہو کر دنیا میں اپنے کردار کو مضبوط بنانا ہوگا۔ موجودہ حکومت کو مفاہمت کی پالیسی کی بجائے قومی پالیسی بنانی چاہئے۔