مرکز سے صوبوں کو منتقل سروسز پر ٹیکس وصولی کا انکشاف، وفاق سے مداخلت کی درخواست

10 جون 2013

اسلام آباد(اے پی اے) وفاق کی طرف سے صوبوں کو منتقل کی جانیوالی سروسز پر بھی ٹیکس وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔صوبوں نے ایف بی آر سے کروڑوں روپے کے واجبات کی وصولی کیلئے وفاق سے مداخلت کی درخواست کر دی ہے جبکہ سندھ ریونیو بورڈ نے 14کروڑ 7 لاکھ 36 ہزار روپے کے واجبات کی وصولی کیلئے وفاق کو خط لکھ دیا ہے۔ یہ انکشاف سندھ ریونیو بورڈ کی طرف سے وفاقی وزارت خزانہ کو لکھے جانیوالے خط میں کیا گیا ہے۔ سندھ ریونیو بورڈ کی طرف سے وفاقی وزارت خزانہ کو خط لکھا گیا ہے کہ آئین کے تحت خدمات پر ٹیکس عائد کرنے اور وصول کرنے کا اختیار صوبوں کو دیا جا چکا ہے اور اسی کے تحت سندھ ریونیو بورڈ اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کی طرف سے اپنے اپنے صوبے میں خدمات پر ٹیکس وصولی بھی کی جارہی ہے۔خط میں کہا گیاکہ اب بھی متعدد سروسز فراہم کرنے والے اداروں اور کمپنیوں کی طرف سے سروسز پر ٹیکس واجبات سندھ ریونیو بورڈ کو جمع کرانے کے بجائے غلطی سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو جمع کرائے جارہے ہیں۔