ترک قیادت نواز شریف کی حکومت کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم
اسلام آباد (ثناءنیوز) ترک سیاسی قیادت اور تھنک ٹینک نے پاکستان کی نئی حکومت کیلئے نیک خواہشات اور نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں بھر پور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ترک حکومت اور سیاسی قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ کی ضرورت پرزور دیا ہے اور پاکستانی بھائیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ترکی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار مختلف ترک رہنماﺅں نے ایک پاکستانی وفد کے حالیہ دورے ترکی کے موقع پر کیا وفد نے یہ دورہ ترک معیشت و سماج کے حوالے سے تحقیقی مرکز ”ایسام“ (ESAM)کی دعوت پر کیا تھا یہ ترک تھنک ٹینک ان دنوں معاشرے میں انصاف کے فروغ کیلئے نظام عدل پر کام کر رہا ہے۔ ترکی کا دورہ کرنے والے اس پاکستانی وفد میں ساﺅتھ ایشین نیوز ایجنسی کے چیف ایڈیٹر بھی شامل تھے پاکستان وفد کی ترک نائب وزیراعظم بُلند آرینک حکمراں جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے ڈپٹی لیڈر نعمان کورتولمس ترک پارلیمنٹ کے سابق سپیکر علی شیان اور دیگر رہنماﺅں سے ملاقاتیں ہوئیں ترک نائب وزیراعظم نے پاکستانی وفد کو دیکھتے ہی جیوے پاکستان کا نعرہ لگایا پاکستانی وفد کے مطابق پاکستان میں حالیہ ہونے والے انتخابات کے حوالے سے ترک رہنما پر امید ہیں کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیاد ت میں پاکستان ترقی یافتہ ملک بننے میں پیش رفت کریگا ترک رہنما پر امن پاکستان دیکھنے کے آرزو مند ہیں وفد نے یہ بھی بتایا کہ ترک رہنما پاکستان کے ان انتخابات میں مسلم لیگ ن اور ان کے قائد میاں محمد نواز شریف کی کامیابی پر مطمئن اور خوش ہیں اور مستقبل قریب میں پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص مواصلات،صحت ،تعلیم کے حوالے سے بھر پورتعاون کا عندیہ دیا ہے۔