نواب وسان کے عدالت سے فرار میں معاونت پر 3 انسپکٹر معطل و گرفتار

10 جون 2013

خیرپور (نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ضمانت رد ہونے کے بعد این اے 215 سے منتخب پیپلز پارٹی کے رہنما نواب خان وسان کے فرار ہونے کا ایس ایس پی خیرپور نعمان شیخ نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کے 3انسپکٹروں محمد امین پٹھان‘ ذوالفقار قریشی اور شبیر جمالی کومعطل کرکے گرفتار کر لیا۔ مسلم لیگ (ن) اور فنکشنل کے کارکنوں نے گرفتاری تک ٹھیٹری بائے پاس پر دھرنا دیا ۔ موریجہ برادری کے لوگوں نے شہر میںشدید فائرنگ کی جس کے باعث بازار مکمل طور پر بند ہوگیا تاہم بازار میں موجود پولیس کھڑی تماشہ دیکھتی رہی۔ زبردستی دوکانیں بند کرانے پرجھگڑا بھی ہوا۔ پولیس نے بازار بند کرانے پر 10 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔ نواب خان وسان نے کہا ہے کہ وہ عدالت کا احترام کرتے ہیں‘ کرتے رہیں گے عدالت سے فرار نہیں ہوا۔ میں عدالت میں خود پیش ہوا تھا۔