حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ ہے، حل کی کوشش کرینگے: صدر الدین راشدی

10 جون 2013

برسلز (وقار ملک) پیر سید صدر الدین راشدی نے کہا کہ پاکستان کی نئی حکومت سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ ہے، وہ ان کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے حتی الوسع کوشش کریں گے تاکہ اوورسیز پاکستانی خوشحال ہوسکیں۔ انہوں نے ٹیلی فون پر اوورسیز پاکستانیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دیارِغیر میں رہنے والے ہمارے اصل بازو اور ہمدرد ہیں جو محنت مزدوری کے ساتھ اپنے ملک اور دھرتی کوخوشحال بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ آج اگر انہیں ہماری ضرورت ہے تو ہم ان کے تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ موجودہ حکومت عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے پر توجہ دے گی۔ یہ وہ واحد حکومت ہے جو ان کے ووٹوں سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر آئی ہے، ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان کے مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد اوورسیز وزارت کا دورہ کریں گے۔ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل جاننے کے لئے کمیٹی تشکیل دیں گے۔ سفارت خانوں میں موجود کمیونٹی اتاشی سسٹم کو مزید بہتر بنائیں گے۔ میں یورپ و برطانیہ کا دورہ بھی کروں گا۔