عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے: سپیکر قومی اسمبلی

10 جون 2013

لاہور (خبر نگار) لاہور سے تعلق رکھنے والے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سپیکر کا منصب سنبھالنے کے بعد لاہور پہنچنے پر پہلا ہی اتوار بیحد مصروف گزارا۔ انہوں نے اپنے اعزاز میں دئیے گئے ناشتوں، ظہرانوں اور عشائیوں کے علاوہ مختلف تقاریب میں شرکت کی۔ جبکہ کارکن ان سے اپنے علاقوں کے مسائل کے علاوہ ذاتی مسائل کے حل کیلئے وعدے لیتے رہے۔ مسلم لیگی کارکنوں نے اپنے بچوں کیلئے نوکریوں کا مطالبہ کیا۔ سردار ایاز صادق نے گڑھی شاہو میں اپنے حلقے کے لوگوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب ملک میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔ ہر شہری کو اس کا حق ملے گا۔ عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے۔ آئینی اور قانونی طریقے سے انتقال اقتدار مکمل ہو چکا ہے اس سے جمہوریت مضبوط ہو گی۔