مسائل گھمبیر ہیں‘ انکے حل کیلئے قومی ایجنڈا بنانا ہو گا: ساجد میر

10 جون 2013
مسائل گھمبیر ہیں‘ انکے حل کیلئے قومی ایجنڈا بنانا ہو گا: ساجد میر

لاہور (ثناءنیوز) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ موجود مسائل اتنے گھمبیر ہیں کہ تنہا ایک سیاسی جماعت انہیں حل نہیں کر سکتی۔ اس کے لئے ایک قومی ایجنڈا بنانا ہو گا۔ پاکستان کی خود مختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے جامع لائحہ عمل وضع کرنا ہو گا۔ امریکہ کو باور کروایا جانا چاہئے کہ ڈرون حملے سفارتی آداب اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے خلاف ہیں۔ ڈرون حملوں کی بندش کے لئے وزیراعظم اور ان کی کابینہ کو امریکی ذمہ داران سے مذاکرات کے لئے اپنا کیس مضبوط اور ٹھوس انداز میں تیار کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز کیانی نے فوج کو سیاست سے دور رکھ کر ملک میں انتخابی عمل کے بعد نئی حکومت کے قیام کا فرض بخوبی انجام دیا۔ جو انکی اپنے فرائض سے دلی وابستگی کا ثبوت ہے جو جمہوری نظام کیلئے خوش آئند امر ہے۔ عوام کو مکمل انصاف فراہم کرنا‘ کرپشن‘ لاقانونیت‘ مہنگائی‘ لوڈشیڈنگ اور بے روزگاری سے نجات دلا کر ان کا جمہوریت پر یقین اور پختہ کرنا ہمارے سیاستدانوں کی ذمہ داری ہے۔