مانگا منڈی میں ویگنوں کے غیر قانونی اڈوں، تجاوزات سے سڑکیں سکڑ گئیں

10 جون 2013

مانگا منڈی (نامہ نگار) مانگا منڈی میں ٹیوٹا ویگنوں کے غیرقانونی اڈے اور تجاوزات کی بھرمار سے ملتان روڈ، رائیونڈ روڈ اور ہسپتال روڈ پر ٹریفک کئی کئی گھنٹے جام رہنا روزانہ کا معمول بن گیا۔ ٹیوٹا ویگن ڈرائیور سڑک کے درمیان گاڑیاں کھڑی کر کے سواریاں بٹھاتے ہیں جس سے ٹریفک کئی کئی گھنٹے جام رہتی ہے، ان کو کوئی پوچھنے والا نہ ہے جبکہ ہسپتال روڈ پر تجاوزات کی بھرمار سے ایمرجنسی مریضوں کو ہسپتال پہنچانے میں بہت دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بعض اوقات مریض کئی کئی گھنٹوں تک ٹریفک میں ہی پھنسے رہتے ہیں اور بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے کئی مریض راستے میں ہی دم توڑ جاتے ہیں۔ انتظامیہ اپنا حصہ لیکر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ مانگا منڈی کے عوامی، سماجی اور کاروباری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف اور ٹی ایم او علامہ اقبال ٹاﺅن سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔