حکومت ڈرون حملوں پر سخت موقف اختیار کرے: میاں جمیل

10 جون 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) حکومت ڈرون حملوں پر سخت موقف اختیار کرے، میانمار کے مظلوموں کی حمایت میں بھی آواز اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید پاکستان کے مرکزی کنوینئر میاں محمد جمیل نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو ملنے والا عوامی مینڈیٹ تقاضا کرتا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی طرح چپ کا روزہ نہ رکھا جائے اور محض مذمتی بیانات پر ہی اکتفا نہ کیا جائے۔ میاں جمیل نے کہا کہ عالم اسلام متحد ہو کر کشمیر، فلسطین اور میانمار کے مظلوموں کی حمایت کیلئے قدم اٹھائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں موجود تمام مذہبی اور سیاسی جماعتیں عوامی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کریں۔