پارلیمنٹ میں میانمار کے مسلمانوں پر مظالم کیخلاف قرارداد منظور کی جائے: فرید پراچہ

10 جون 2013

لاہور(خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی جمعہ 14 جون کو میانمار کے مسلمانوں پر حکومت اور انتہا پسند گروہوں کے وحشیانہ اور بدترین مظالم پر یوم احتجاج منائے گی۔ جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میانمار کے مسلمانوں پر مظالم کے معاملات پر بھرپور اور باقاعدہ احتجاج کرے اور معاملہ کو اقوام متحدہ اور انسانی حقوق سے متعلق عالمی اداروں میں اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ یہ پارلیمنٹ کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ متفقہ قرارداد منظور کر ے۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمانی وفد حالات کے جائزہ اور میانمار کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے برما بھیجا جائے۔ علمائے کرام اپنے خطابات جمعہ میں میانمار کے مظلوم مسلمانوں کی حالت زار اور امت مسلمہ کی اجتماعی ذمہ داریوں کو واضح کریں۔