مسلم لیگ نے مسائل حل نہ کئے تو حال پی پی جیسا ہو گا: اعجاز چودھری

10 جون 2013

لاہور (نیوزرپورٹر) تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری کی صدارت میں پنجاب سیکرٹریٹ میں ضلع اوکاڑہ اور ساہیوال کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں حالیہ انتخابات میں ہونے والی دھاندلی ، تنظیمی کارکردگی ، ضمنی اور بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر پارٹی امور کا جائزہ لیاگیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حالیہ انتخابات میں جن عہدیداران نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے ان کے خلاف ایکشن لیا جائے گا ۔ جائزہ اجلاس میں تمام عہدیداران کو ہدایت کی رہی ہے کہ وہ ابھی سے بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں۔ صوبائی صدر اعجاز احمد چوہدری اور صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین راشد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ (ن) لیگ نے عوام کے مسائل حل نہ کئے تو اس کا حشر بھی پیپلزپارٹی سے بُرا ہوگا، جو عوام سے وعدے کئے تھے (ن) لیگ ان کو پورا کرے۔ تحریک انصاف کو 11 مئی کو بدترین دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا ہے آج تحریک انصاف ملک کی دوسری بڑی عوامی جماعت بن کر ابھری ہے ۔11 مئی کو ہونے والے انتخابات صاف اور شفاف نہیں ہوئے۔جائزہ اجلاسوں میں عہدیداربھرپور شرکت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 18 روز مسلسل پنجاب سیکرٹریٹ میں مرحلہ وار دواضلاع کا جائز ہ لیا جائے گا اور ایک تفصیلی رپورٹ تیار کرکے چیئرمین عمران خان کو دیںگے۔