عارف حسن کی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن میں پوزیشن مضبوط
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپورٹس بورڈ اور غیرقانونی عبوری کمیٹی کی بھرپور کوشش کے باوجود لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے تیسرے جنرل کونسل اجلاس میں ممبران کی تعداد 71 تھی جبکہ 8 جون 2013 کو پی او اے کے ہونے والے چوتھے جنرل کونسل اجلاس میں ممبران کی تعداد میں اضافہ ہو کر تعداد 82 ہو گئی ہے۔ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے پاس فیڈریشنز کے نمائندوں کی بڑی تعداد کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کی اصل باڈی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ہے چند مفاد پرست عناصر عہدوں کے حصول کے لئے منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں جنہیں نوجوان نسل کبھی معاف نہیں کرے گی۔