قومی ٹیم کو آج حکمت تبدیل کر کے رنز بنانے ہوں گے: شاہد آفریدی ‘ احمد شہزاد

10 جون 2013
قومی ٹیم کو آج حکمت تبدیل کر کے رنز بنانے ہوں گے: شاہد آفریدی ‘ احمد شہزاد

لاہور (سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں آج پاکستان ٹیم کے کھیلے جانے والے میچ کے لئے قومی کرکٹرز شاہد آفریدی اور احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ کامیابی کے لئے بیٹسمینوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ابتدائی دس اوورز کیلئے اگر کامیاب حکمت عملی اپنائی گئی تو جنوبی افریقہ کیخلاف جیت قومی ٹیم کی ہو گی۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے باہر سابق کپتان شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی ٹیم کیلئے سیمی فائنل تک رسائی کیلئے اگلے دونوں میچز اہم ہیں اور قومی ٹیم نے اگر حکمت عملی تبدیل کی اور بیٹسمینوں نے ذمہ داری دکھائی تو جنوبی افریقہ کیخلاف کامیابی مل سکتی ہے۔ شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے بلے باز اگر پہلے بیٹنگ میں دو سو چالیس رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے تو باﺅلرز کسی بھی حریف ٹیم کو اس ہدف تک رسائی کا موقع نہیں دیں گے۔ نوجوان بلے باز احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم اب بھی چیمپئنز ٹرافی میں فیورٹ ہے تاہم بلے بازوں کو انگلش وکٹوں پر خود کو ایڈجسٹ کرنا ہوگا۔