انڈر 14 ہاکی ٹورنامنٹ، پنجاب کی ٹیم آج حیدرآباد جائیگی

10 جون 2013

لاہور(سپورٹس رپورٹر) بین الصوبائی انڈر 14 ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے پنجاب ٹیم آج حیدرآباد روانہ ہو گی۔ پنجاب کی ٹیم کا تربیتی کیمپ گذشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں اختتام پذیر ہو گیا جس میں 16 کھلاڑیوں نے پنجاب سپورٹس بورڈ کے کوچز شاہد نظامی، نواز ڈوگر اور رانا خالد اقبال کی زیر نگرانی تربیت حاصل کی۔ کیمپ میں کھلاڑیوں کو شارٹ کارنر اور مخالف ڈی میں گیند پر کنٹرول رکھنے کی خصوصی مشقیں کرائی گئیں۔ کوچ نواز ڈوگرکے مطابق سخت گرمی میں پریکٹس سے کھلاڑی کی قوت میں اضافہ ہوا ہے اور پنجاب ٹیم ٹائٹل جیت کر لوٹے گی۔ بین الصوبائی ہاکی ٹورنامنٹ کل منگل سے حیدرآباد میں شروع ہوگا۔