پاکستان ورلڈ والی بال چیمپئن شپ کوالیفائنگ راﺅنڈ میں شرکت کرے گا

10 جون 2013

اسلام آباد (اے پی پی) قومی ٹیم ورلڈ والی بال چیمپئن شپ کوالیفائنگ راﺅنڈ میں شرکت کرے گی۔ ایونٹ میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم 30 جون کو سری لنکا روانہ ہوگی۔ قومی والی بال ٹیم کے کوچ مظہر حسین نے بتایا کہ ورلڈ والی بال چیمپئن شپ یکم سے 10 جولائی تک سری لنکا کے شہر کولمبو میں منعقد ہوگی اور ایونٹ میں شرکت کیلئے 12 کھلاڑی اور 3 آفیشلز جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے اور کیمپ میں وہ کھلاڑیوں کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔ مجید بروہی نے کہا کہ ایونٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، مالدیپ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے، اس لئے ایونٹ کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو بھیجیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ توقع رکھتے ہیں کہ ایونٹ میں قومی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کامیابی کے ساتھ وطن واپس لوٹے گی۔